چیف منسٹر کے سی آر اعلان کریں گے ، بی آر ایس کے منشور سے عوام کو مزید خوشخبریاں : کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت آسرا پنشن میں اضافہ کرے گی ۔ کتنا اضافہ کیا جائے گا ۔ اس کا چیف منسٹر کے سی آر اعلان کریں گے ۔ بی آر ایس کے انتخابی منشور سے ریاست کے عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی ۔ وارنٹی نہ رکھنے والی کانگریس کی گیارنٹی پر عوام بھروسہ نہ کریں ۔ ورنگل میں ہزاروں کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات آتے ہی عوام ہرگز الجھن کا شکار نہ ہوں ۔ پہلے غور کریں پھر فیصلہ کریں ۔ عوام پنشن میں اضافہ ہونے کی امید رکھتے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر بھی آسرا پنشن میں اضافہ کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ کتنا اضافہ کیا جائے گا اس کا خود چیف منسٹر کے سی آر اعلان کریں گے ۔ یہی نہیں اور بھی مزید خوشخبریاں بی آر ایس کے منشور سے ملیں گی ۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنے کا وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو تلنگانہ سے نفرت ہے ۔ ان کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر ماں کا قتل کرتے ہوئے بچہ کو جنم دینے کا جو ریمارکس کیا گیا ہے وہ تلنگانہ کے لیے جدوجہد میں زندگیاں قربان کرنے والوں کی اور تلنگانہ تحریک کی توہین ہے ۔ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے بعد بھی عوام کی جانب سے کوئی جشن نہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے ملک کو غلط پیغام روانہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 60 سال تک دھوکہ دینے والی کانگریس پارٹی اب مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کا ہر شعبہ ترقی کرچکا ہے ۔ کانگریس حکومت میں برقی کا شعبہ بحران کا شکار ہوچکا تھا ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں بلاوقفہ 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ کانگریس کے قائدین برقی کی سربراہی پر بے شرمی کی حد تک باتیں کررہے ہیں ۔ برقی سربراہ نہ ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں وہ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ برقی تار پکڑ کر دیکھ لیں ۔ برقی سربراہ ہورہی ہے یا نہیں اس کا پتہ چل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں 24 منزلہ بڑا ہاسپٹل تعمیر کیا جارہا ہے ۔ دسہرا تک اس ہاسپٹل کی تعمیرات مکمل ہوجائے گی ۔ پہلے جونیر اور ڈگری کالجس کے قیام کے لیے بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنی پڑتی تھی اب کسی کے ڈیمانڈ کرنے سے قبل ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کیا جارہا ہے ۔ اپنے بچے اپنی آنکھوں کے سامنے سرکاری اخراجات پر ڈاکٹر بننے کی سہولتیں فراہم ہوگئی ہیں ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس میں اسکیمات ہیں جب کہ کانگریس میں اسکامس ہے کیا چاہئے عوام فیصلہ کرلیں ۔۔ ن