آسرا پنشن کیلئے 7.37 لاکھ درخواستیں

   

حیدرآباد 4 ستمبر ( سیاست نیوز ) وظیفہ پیرانہ سالی کیلئے اہلیت کو 65 سال سے گھٹاکر 57 سال کرنے کے بعد تقریبا 7.37 لاکھ درخواستیں وظیفہ کیلئے داخل کی گئی ہیں۔ حکومت نے نئی درخواستیں داخل کرنے 31 اگسٹ تک مہلت دی تھی ۔ یہ درخواستیں می سیوا اور ای سیوا مراکز سے داخل کی گئیں۔ حکومت سے مختلف زمروں میں جملہ 37 لاکھ آسرا پنشن دئے جا رہے ہیں۔ تمام ضلع کلکٹران و جی ایچ ایم سی کمشنر کو آسرا اسکیم کے تحت نئی سہولت کے ساتھ درخواستیں قبول کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ ای سیوا کمشنر کو درخواستیں داخل کرنے کسی طرح کا سرویس چارج وصول نہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ تمام درخواست گذاروں کے سرویس چارجس حکومت سے ای سیوا کو ادا کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ تمام درخواست گذاروں کی شناخت کو شفاف انداز میں پورا کیا جائے اور تمام اہل استفادہ کنندگان کو وظیفہ منظور کیا جائے ۔ ان ہدایات کے بعد اب جبکہ درخواستیں وصول کرلی گئی ہیں حکام کی جانب سے درخواستوں کی جانچ کیلئے ضلع واری سروے کیا جائیگا ۔ درخواست گذاروں کے دستاویزات کی بنیاد پر عہدیدار یہ طئے کرینگے کہ آیا درخواست گذار واقعی غریب اور پنشن کا اہل ہے یا نہیں۔ سروے کی تکمیل کے بعد استفادہ کنندگان کو وظیفہ کی منظوری کی جائے گی ۔