۔ 38 لاکھ پنشنرس کیلئے 980 کروڑ روپئے درکار، محکمہ فینانس کی ٹال مٹول پالیسی
حیدرآباد۔21 ۔ستمبر (سیاست نیوز) ملازمین کو وقت پر تنخواہیں ادا نہ کرنے والی حکومت اب آسرا پنشن بھی وقت پر ادا نہیں کر پارہی ہے ۔ ہر ماہ مقررہ وقت پر پنشن ادا کرنے کے بجائے معمرین ، معذورین ، بیواؤں ، تنہا خواتین وغیرہ کو پنشن کی اجرائی میں ٹال مٹول سے کام کر رہی ہے۔ بالخصوص اس مرتبہ 20 ستمبر ہونے کے باوجود پنشن کی اجرائی عمل میں نہیں آئی جس سے آسرا پنشن کے استفادہ کنندگان میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ ریاست میں آسرا پنشن حاصل کرنے والوں کی تعداد 38 لاکھ ہے جنہیں ہر ماہ 980 کروڑ روپئے ادا کرنا ہے ۔ سوسائٹی فار ایلیمنیشن آف رورل پاورٹی (سیرف) کی جانب سے پنشن کی تقسیم ہوتی ہے۔ چند گاؤں میں سوسائٹی کا عملہ مزید چند گاؤں میں برانچ پوسٹ آفس اور چند گاؤں میں گرام پنچایت سکریٹریز کی جانب سے آسرا پنشن تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ ابھی تک ہر ماہ کی 6 تاریخ سے قبل پنشن ادا کی جارہی تھی ، گزشتہ تین ماہ سے 15 تاریخ سے قبل ادا کی جارہی تھی ۔ گزشتہ ماہ اگست اور جاریہ ماہ ستمبر کی 20 تاریخ گزرنے کے باوجود استفادہ کنندگان کو ابھی تک پنشن ادا نہیں کی گئی ۔ سوائے پنشن کے دوسرا کوئی سہارا نہ رہنے والے معمرین کافی پریشان ہیں۔ پنشن کیلئے پنچایت دفاتر اور پوسٹ آفیسس کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ محکمہ فینانس کے پاس پنشن کی ادائیگی کے لئے مقررہ فنڈس کی عدم موجودگی سے فنڈس کی اجرائی میں تاخیر ہونے کا باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے ۔ N