آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم نے پونٹنگ کا ریکارڈ توڑ دیا

   

ماؤنٹ ماونگونی ۔ آسٹریلیا کی خاتون کرکٹ ٹیم نے متواتر 22 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2003 میں رکی پونٹنگ کی جانب سے ونڈے میں قائم کئے جانے والے مسلسل کامیابی کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 6 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ مہمان ٹیم نے یہاں کھیلے گئے مقابلے میں اپنی بولر میگن اسکوٹ کی 4 وکٹوں کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 212 رنز پر ڈھیر کردیا۔ قبل ازیں تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیائی ٹیم کی کپتان میگ لان انگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو 212 رنز پر آل آؤٹ کیا۔ جوابی اننگز میں آسٹریلیائی ٹیم نے ایلیسا ہیلی (65)، ایلیس پیری (56) ناٹ آؤٹ اور ایشلی گارڈنر (53) کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت مطلوبہ نشانہ 69 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا ہے۔ واضح رہے 2003 میں آسٹریلیائی ٹیم نے رکی پونٹنگ کی قیادت میں متواتر 22 مقابلوں میں کامیابی کا ریکارڈ قائم کیا تھا جسے آج موجودہ عالمی چیمپین نے توڑ دیا ہے۔ مقابلہ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے میگ نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے آسٹریلیا کے موجود ریکارڈ کو حاصل کرنا کافی خوشگوار احساس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتوحات گزشتہ تین برسوں کے دوران حاصل کی گئی ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہیکہ ہمارے مقابلوں میں کتنا استقلال ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم اکتوبر 2017 سے ونڈے میں ناقابل تسخیر ہے۔