سڈنی16دسمبر (یو این آئی) آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے بونڈائی بیچ پر حملہ آور کو پکڑنے والے احمد الاحمد کی اسپتال میں عیادت کی۔ سڈنی کے مشہور بونڈئی ساحل پر دہشت گردانہ حملے کے دوران دیگر بے گناہوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک دہشت گرد کو پکڑنے والے مسلمان نوجوان احمد الاحمد سے آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے اسپتال میں ملاقات کی۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے احمد الاحمد کی عیادت کی اور جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہا اور انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا۔ واضح رہے کہ پھل فروش احمد الاحمد بونڈئی ساحل پر حملے کے وقت اپنے دوست کے ساتھ کافی پینے آئے تھے کہ اچانک حملہ ہوتے دیکھ کر وہاں پارک کی گئی گاڑیوں کے پیچھے چھپے اور موقع ملتے ہی ایک حملہ آور کو دبوچ لیا۔ اس دوران وہ دو گولیاں لگنے سے زخمی بھی ہوئے تھے ، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سرجری کرکے ان کے جسم سے دو گولیاں نکال دی گئیں اور ڈاکٹروں کے مطابق اب ان کی حالت تسلی بخش ہے ۔ بونڈی بیچ دہشت گردی میں 16 افراد اپنی جان سے گئے جب کہ 42 زخمی ہوئے ۔
