مانچسٹر۔21 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 48 رنز سے شکست دے کر ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام اپنے نام کرلیا۔دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے بنگلادیش کے خلاف مقررہ50 اوورزمیں 6 وکٹ پر 381رنز بنائے اور حریف ٹیم کیلئے 382رنز کا ہدف دیا۔ بنگلادیشی ٹیم 382رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 333 رنز تک محدود رہی۔ مشفق الرحیم 102رنز پر ناٹ آوٹ رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے،دیگر کھلاڑیوں میں محمود اللہ 69، تمیم اقبال 62 اور شکیب الحسن 41 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ میچ میں برق رفتار 94رنز کی اننگز کھیلنے والے لٹن داس اس مرتبہ صرف 20 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کے دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ آسٹریلیا کی طرف سے کولٹر نائل، مچل اسٹارک اور مارکس اسٹوائنس نے فی کس 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کے 166، عثمان خواجہ کے 89 اور کپتان ایرون فنچ کے53 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 382 رنز سجایا۔ڈیوڈ وارنر کو شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔