آسٹریلیائی پولیس نے دو مسلح افراد کو گولی مار دی

   

Ferty9 Clinic

سڈنی، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں انسداد دہشت گردی کی تفتیش کے دوران پولیس افسران نے دو مسلح افراد کو گولی مار دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد ٹیررزم کمانڈ (سی ٹی سی) کے تفتیش کاروں نے شہربرنوارتھا نارتھ میں خفیہ معلومات حاصل کرنے کے دوران دو لوگوں کا پتہ لگانے کے لئے مقامی پولیس کی مدد مانگی تھی۔وکٹوریہ کے قائم مقام اسسٹنٹ کمشنر کلائیو رسٹ نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا کہ سی ٹی سی کے تفتیش کاروں نے چہارشنبہ کو رچرڈ سن بینڈ کیمپنگ گراؤنڈ کے قریب اولڈ برنوارتھا روڈ پر دو افراد کو روکنے کی کوشش کی۔مسٹر رسٹ نے کہا‘‘اس کے بعد دونوں نے پولیس کی گاڑی کو ٹکر ماری اور پھر اپنی گاڑی سے اتر کر پولیس سے گتھم گتھا ہو گئے ۔ دونوں کے پاس دھاردار ہتھیار تھے ۔ ان میں سے ایک شخص نے پولیس اہلکار پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد اسے گولی ماری گئی’’۔انہوں نے بتایا کہ دوسرا شخص کئی منٹ تک پولیس کے ساتھ جدو جہد کرتارہا جسے بعد میں اسے بھی گولی مارنی پڑی۔