سڈنی ۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر جہاں دنیا بھر میں کھیلوں کے ٹورنمنٹس متاثر ہو رہے ہیں وہیں آسٹریلیائی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلانات بھی تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے سبب آسٹریلیائی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ اور کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ایک ماہ کی تاخیر سے کیا جائے گا۔ غیر یقینی مالی صورتحال کے باعث اب اعلان اپریل کے آخر میں متوقع ہے جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کی آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن نے حمایت کی ہے۔ آسٹریلیائی کرکٹرز اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے مرد و خواتین کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرنا ہے جبکہ اس وقت کرکٹ آسٹریلیا کو مالی مسائل کا سامنا بھی ہے۔ کورونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے دورے خدشات کا شکار ہوگئے ۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے آئندہ ٹورز منسوخ ہونے کا امکان ہے، ٹیم کو جون میں بنگلہ دیش میں 2 ٹسٹ میچز کی سیریز کھیلنا تھی۔آسٹریلیا بنگلہ دیش ٹسٹ سیریز کا آغاز 11 جون کو ہونا ہے، اس کے بعد آسٹریلیاکو جولائی میں انگلینڈ میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کھیلنا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی آئرلینڈ کے خلاف سیریز پہلے ہی ختم کی جا چکی ہے۔