آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت

   

میلبورن ۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ستمبر اور اکتوبر میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقررہآئی پی ایل میں آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی شرکت کا راستہ صاف کر دیا ہے ۔سمجھا جاتا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اگلے مہینے کے آئی پی ایل میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا ہے ، جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ پریکٹس کے حصے کے طور پر افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ منصوبہ بند ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے منتخب کیا جا سکتا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے یہ منظوری اس وقت سامنے آئی ہے جب افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے دونوں ملکوں کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریز ملتوی کرنے کی تصدیق کی ہے ، جو اصل میں ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان میں منعقد ہونا تھا۔واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وبا پھیلنے کے بعد آئی پی ایل کو اس سال مئی میں درمیان میں روک دیا گیا تھا۔ اس وقت آسٹریلیا کی سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے تقریبا40 آسٹریلیائی کھلاڑیوں ، کوچز ، براڈکاسٹروں اور معاون عملے کو مالدیپ میں وقت گزارنا پڑا ، حالانکہ بعد میں بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کو بحفاظت چارٹر فلائٹ سے گھر بھیج دیا تھا۔کورونا وبا کے پیش نظر آئی پی ایل کے بقیہ 36 میچ متحدہ عرب امارات میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آئی پی ایل ٹی 20 ورلڈ کپ شروع ہونے سے صرف دو دن پہلے ختم ہو جائے گا۔ اس کے بعد ٹی20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلا جائے گا۔