ملبورن: سابق آسٹریلیائی کپتان اور آئی پی ایل فرینچائزی دہلی کیپٹلس کے چیف کوچ رکی پونٹنگ نے کہاکہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو ستمبر؍اکتوبر میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دوبارہ شیڈول آئی پی ایل۔2021میں کھیلنا چاہئے ۔ ا س سے انہیں اس سال کے آخر میں آئی سی سی۔ٹی۔20عالمی کپ کے لئے بہتر تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔ آسٹریلیائی ٹیم حال ہی میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے خلاف گھر سے باہر سست حالات میں کھیلی گئی ٹی۔20سیریز میں 4-1سے شکست کھا گئی تھی۔ ان دوروں میں پیٹ کمنس، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، اسٹیو اسمتھ، ماکس اسٹائنس، جھائی رچرڈسن، کین رچرڈسن اور ڈینیل سیمس جیسے پہلی پسند کے کھلاڑیوں کی غیرموجودگی نظر آئی۔ اس پر سابق کپتان نے کہاکہ ان سیریز کے نتائج آسٹریلیائی کرکٹ میں گہرائی کی موجودہ کمی کو نشاندہی کرتے ہیں۔ پونٹنگ نے کہاکہ ٹی۔20 عالمی کپ اور ایشیز سیریز سے پہلے کھلاڑیوں کے لئے ایکشن میں واپس بہت ضروری ہے ۔ پونٹنگ نے سنیچر کو آسٹریلیائی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین سے بات چیت میں کہا کہ کچھ اہم کھلاڑی تین یا چار مہینہ سے کھیل نہیں رہے ہیں۔ انہیں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف اعلی کوالٹی کا کرکٹ کھیلنے کے لئے واپس آنے کی ضرورت ہے ۔ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ دنیا کے سب سے مضبوط گھریلو ٹی۔20ٹورنمنٹ آئی پی ایل میں کھیلنے سے انکی آئندہ ٹی۔20عالمی کپ کے لئے سب سے اچھی تیاری ہوگی، کیونکہ ان کے لئے حالات بالکل سٹیک ہوں گے ۔ آئی پی ایل کے بعد ٹی۔ 20عالمی کپ بھی یو اے ای میں ہونا ہے ۔ یہاں دنیا کے تمام بہترین کھلاڑی ہوں گے اور میں ایسا صرف اس لئے نہیں کہہ رہا ہوں کیونکہ مجھے دہلی کیپیٹلس میں کچھ آسٹریلیائی کھلاڑی چاہئیں۔ بائی کوہنی کی چوٹ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے دوروں میں شامل نہیں ہوسکے اسٹیو اسمتھ نے حالانکہ پہلے ہی ایک بیان میں واضح کردیا تھا کہ وہ ٹی۔20عالمی کپ کے بجائے ایشیز کو ترجیح دیں گے ۔