دبئی۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے اسپنر ایشٹن اگر نے چھ درجے ترقی سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں چوتھا مقام حاصل کرلیا ہے جو جنوبی افریقہ کیخلاف اپنی بہترین فارم میں دکھائی دیئے اور پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹوں کی کارکردگی کے بعد انہوں نے باقی دومیچوں میں بھی تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو سیریز میں فتح دلا دی۔ایشن اگر کی آٹھ وکٹوں کے ساتھ لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے بھی افریقہ کیخلاف سیریز میں پانچ وکٹیں لے کر ایک درجہ بہتری سے تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی بھی تین درجے بہتری کے بعد پانچویں مقام پر آگئے ہیں جبکہ ابتدائی دو مقامات پر افغان اسپنرز راشد خان اور مجیب الرحمن موجود ہیں۔ بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے بابر اعظم بڑے فرق سے بدستوں پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ ہندوستان کے لوکیش راہول کا دوسرا اور قریبی فرق سے آسٹریلیا کے آرون فنچ کا تیسرا نمبر ہے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف دو نصف سنچریوں سمیت 128 رنز بنا کر ڈیوڈ وارنر بھی 25 ویں سے 18ویں مقام پر آگئے جبکہ 2018 میں معطلی کے بعد کھیل میں واپسی پر آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ نے جنوبی افریقہ کیخلاف 104 رنز سمیت چھ اننگز میں 250 رنز بناکر 25 درجے کی لمبی چھلانگ کی بدولت 53 ویں مقام یقینی بنا لیا ہے۔
آل راؤنڈرز میں افغانستان کے محمد نبی ٹاپ پر برقرار ہیں ۔