نوی ممبئی، 29 اکتوبر (یواین آئی ) ہندوستان کل ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں نہ صرف سیمی فائنل میں کھیلے گی بلکہ آسٹریلیا کے حق میں پہلے سے لکھی گئی کہانی کو چیلنج کرتے ہوئے کھیل کے سب سے طاقتور پاور ہاؤس کا سامنا کرے گی۔ آسٹریلیا کی ٹیم ناقابل شکست اور اعتماد سے لبریز ہے ۔ ان کے بارے میں ایسا کہا جاتا ہے جیسے فائنل میں پہنچنا ان کا پیدائشی حق ہے لیکن ہندوستان نے کبھی بھی دنیا کی اجازت کا انتظار نہیں کیا۔ کل وہ فخر کے لیے، اربوں دلوں کے لیے اور اس ورلڈکپ کی تاریخ کو دوبارہ لکھنے کے لیے میدان میں داخل ہوں گی۔ ہندوستان کی اسمرتی مندھانا نہ صرف رنز بنا رہی ہیں بلکہ اعتماد بھی بڑھا رہی ہیں۔ اب ان کے ساتھ شفالی ورما شامل ہیں، جو ایک نوجوان طوفان ہے ۔جمائمہ روڈریگز،کپتان ہرمن پریت کواور رچا گھوش ہندوستان کا مڈل آرڈر کے لیے تیار ہے ۔ دیپتی شرما ایک بار پھرگیند کے ساتھ ایک اہم کردار ادا کریں گی، آسٹریلیا کے بیٹرس کو ایسے سوالات کے ساتھ چیلنج کریں گی جن کے جواب دینے کی وہ عادی نہیں ہیں۔ رینوکا سنگھ ٹھاکر، شری چرنی اورکرانتی گوڑ کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ چمپئنز بھی کل خود کو بے چین محسوس کریں۔ فوبی لیچفیلڈ کی موجودگی، ایلیس پیری کی ہمیشہ سے موجودکمانڈ، پرسکون بیتھ مونی یہ آسٹریلیا کی غیر متزلزل مرکز ہیں۔ کسی بھی دوسری ٹیم کے خلاف وہ آسانی سے جیت سکتی ہیں لیکن ہندوستان کے خلاف انہیں پسینہ بہانا پڑ سکتا ہے ۔ ایشلی گارڈنر ان کا خوفناک ہتھیار بنی ہوئی ہے جو بیٹ اورگیند سے تباہی پھیلا سکتی ہیں اور اس کے پیچھے میگن شٹ، کم گارتھ اور الانا کنگ کی قیادت میں ایک بولنگ حملہ ہے جو کافی موثر ہے ۔