ملبورن ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ حکام کے درمیان میچز کے لیے بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ حکام نے کہا ہے کہ سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد میچز کے لیے بات چیت شروع ہوئی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے ہم منصب کیون رابرٹس سے میچز کے لیے بات کی ہے۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ دونوں ممالک انٹرنیشنل کرکٹ شروع کرتے ہیں تو یہ بہت بہتر ہو گا۔دوسری جانب آسٹریلیا کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی ہوچکا ہے جبکہ جولائی میں دورہ انگلینڈ بھی ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ اگست میں زمبابوے ٹیم کا دورہ آسٹریلیا بھی خدشات کا شکار ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ میں آئندہ کرکٹ سیزن غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔پاکستان، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کو نومبر کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کو ٹسٹ جبکہ سری لنکا کو مختصر دورانیے کی سیریز کھیلنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ کی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ اور پاتھ وے پروگرامز پر ہو گا۔چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی ہم مکمل ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کھیلیں۔