ہیڈنگلے ۔21 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹسٹ کل یہاں شروع ہوگا جہاں مہمان آسٹریلیائی ٹیم کو پہلے ٹسٹ میں حاصل ہونے والی کامیابی کی وجہ سے 1-0 کی سبقت حاصل ہے جبکہ لارڈس ٹسٹ میں کامیابی کے قریب پہونچنے والی انگلش ٹیم کے اُس شاندار مظاہرے کے بعد حوصلے بلند ہیں۔ انگلینڈ کے صف اول کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کے زخمی ہونے اور لارڈس ٹسٹ سے باہر ہونے کے بعد نوجوان فاسٹ بولر جوفرا آچر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جنھوں نے تاریخی میدان پر یادگار مظاہرہ کیا ہے اور آسٹریلیا کے سب سے کامیابی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کو باؤنسر سے نہ صرف زخمی کیا بلکہ انھیں تیسرے ٹسٹ سے بھی باہر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔ اس وقت آرچر انگلش ٹیم کے اصل ہتھیار ثابت ہورہے ہیں لیکن آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے کہاہے کہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفر آرچر کے شاندار مظاہروں سے پریشان نہیں ہیں جبکہ ناقص فام کا شکار ڈیوڈ وارنر اس ٹسٹ میں اپنا معیاری کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ پین نے آرچر کی دل کھول کر ستائش کی جنھوں نے لارڈس ٹسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن آسٹریلیائی بیٹسمینوں نے ان کے خلاف دوسری اننگز میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ ڈرا کیا ۔ آرچر کے متعلق پین نے کہاکہ یہ دیکھنا کافی شاندار رہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں شاندار صلاحیت ہے اور وہ حالات کے اعتبار سے بہترین مظاہرہ بھی کررہے ہیں ۔ آرچر یقینی طورپر ایک فاسٹ بولر ہے اور ایسی رفتار کی گیندیں ہم آسٹریلیا میں بھی کھیل چکے ہیں لہذا ان کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنا پریشان کن نہیں ہوگا ۔ پین نے مزید کہاکہ ہمارے پاس میچل اسٹارک ، پیٹ کمنس ، جیمس پیاٹنسن موجود ہیں جو انگلش خیمہ کو پریشان کرسکتے ہیں۔ ابتدئی چار اننگز میں صرف 18 رنز اسکور کرنے والے وارنر کے متعلق پین نے کہاکہ ان کے ناقص فام سے میں پریشان نہیں ہوں ۔ ہم پہلے ہی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرچکے ہیں اور وارنر کی کسی بھی لمحہ واپسی ہوسکتی ہے کیونکہ وہ ذہنی طورپر کافی مضبوط کھلاڑی ہے ۔