سڈنی، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی شدید آگ کی وجہ سے پیر سے اب تک کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد دیگر لاپتہ ہو گئے ہیں نیز سینکڑوں مکان جل کر خاکستر ہو گئے ۔مقامی میڈیا کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) میں سات لوگوں کی اور وکٹوریہ ریاست میں ایک شخص کی موت ہو ئی۔ نیو ساؤتھ ویلز دیہی فائر بریگیڈ نے اس ہفتے 382 مکان جل جانے کی بھی تصدیق کی ہے ۔ نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے لہذا اس تعداد کے بڑھنے کا خدشہ ہے ۔فائر بریگیڈ سروس کے 28 سالہ رضاکار کی پیر کے روز آگ میں جھلس جانے کے سبب موت ہو گئی۔ نیو ساؤتھ ویلز کے کوبراگو شہر میں اپنے مکان کو شعلوں سے بچانے کی کوشش میں باپ بیٹے کی موت ہو گئی جن کی عمریں بالترتیب 63 اور 29 برس تھیں۔نیو ساؤتھ ویلز کے لیک کنجولا میں آگ پھیلنے کے بعد منگل کو ایک مکان کے باہر ایک بزرگ شخص کی نعش پائی گئی۔