آسٹریلیا: جیل سے 30 برس قبل مفرور ملزم نے لاک ڈاؤن سے تنگ آکر گرفتاری دے دی

   

سڈنی ۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 30 برس قبل جیل سے فرار ہونے والے 64 سالہ ڈارکو ڈیسیک نے کرونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں بے روزگاری کے باعث بے گھر ہونے سے تنگ آ کر جمعرات کو پولیس کو دوبارہ گرفتاری دے دی۔ ڈارکو ڈیسیک رواں برس ستمبر سے پولیس کی تحویل میں ہیں۔ وہ ڈی وائی قصبے کے پولیس اسٹیشن میں خود حاضر ہوئے تھے اور اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ آسٹریلیا کے شمال میں واقع گرفٹن نامی جیل سے 1992 میں فرار ہوئے تھے۔ ان کو چرس کی کاشت کے الزام میں 33 مہینے کی جیل کی سزا دی گئی تھی جب کہ وہ قید میعاد مکمل ہونے سے 14 ماہ قبل ہی جیل توڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ ان کو اپنی قید کی میعاد مکمل کرنے کے لیے دوبارہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔