سڈنی ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے جمعہ 20 مارچ کی رات 9 بجے سے تمام غیرمقیم اور غیر آسٹریلیائی شہریوں کے سفر پر پابندی عائد کرنے اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے یہ اعلان کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اس کا مقصد آسٹریلیا آنے والے افراد کو متبادل انتظامات کی تیاری کا موقف فراہم کرنا اور جو سفر میں ہے انہیں مشکلات سے بچانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے مزید اقدامات ضروری ہیں۔ اس پابندی سے متعلق انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے بھی مشاورت کی ہے۔ نیوزی لینڈ میں بھی جمعرات سے ملک میں غیرمقیم افراد کے داخلہ پر ایسی ہی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ موریسن نے بتایا کہ آسٹریلیا کے شہری واپس آنے کے اہل ہوں گے۔ تاہم آسٹریلیا میں آمد کے بعد 14 دنوں کیلئے انہیں علحدہ وارڈ میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے شہریوں سے پھر ایک بار گذارش کی ہیکہ وہ جتنا جلد ممکن ہوسکے دوسرے ملکوں سے وطن واپس ہوجائیں۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں کوروناوائرس کے بیشتر مریض سمندر پار سے آئے ہیں۔