آسٹریلیا میں انڈیا نے T20 سیریز 2-1سے جیت لی

   

برسبین،8 نومبر (یو این آئی) انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی۔ 20 میچ ہفتہ کے روز شدید بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے بعد ہندوستان نے سیریز1۔2سے جیت لی۔ کھیل روکے جانے کے وقت ہندوستان نے 4.5 اوور میں بغیر کسی نقصان کے 52 رنز بنائے تھے۔ ابھیشیک شرما 23 اور شبھمن گل 29 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ بارش اور بجلی کی خرابی کے باعث میچ کو آخرکار منسوخ کرنا پڑا۔ اس طرح ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی۔20 سیر یز میں اپنا ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا۔ اس کے ساتھ ہندوستان کے کپتان سوریہ کمار یادو کا بھی سیریز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار ہے۔ آسٹریلیا 2022 کے بعد سے مسلسل چوتھی ٹی۔20 سیریز ہارا ہے ، جن میں سے تین ہندوستان اور ایک انگلینڈ کے خلاف ہیں۔ میزبان کیپٹن مچل مارش نے آسٹریلیا کیلئے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ انڈیا نے جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور 4.5 اوور میں 52 رنز بنا ڈالے۔ ابھیشیک نے 13گیندوں پر ناٹ آؤٹ 23 رنز بنائے ، جن میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل ہے، جبکہ گل نے 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 29 رنز میں چھ چوکے لگائے۔ گل نے بین ڈوَارشُوس کے اننگز کے تیسرے اوور میں لگاتار چار چوکے لگائے ۔ ابھیشیک کو مین آف دی سیریز ایوارڈ دیا گیا۔ انھوں نے سیریز میں سب سے زیادہ 163 رنز بنائے ہیں۔