آسٹریلیا میں جنگلاتی آگ ، بشمول خواتین 3 فوت ، 30 زخمی

   

150 گھر تباہ، مشرقی ساحل کے 70 جنگلات میں آگ، آتش فرو عملہ جانفشانی کے ساتھ نبردآزما
کینبرا۔/9 نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے قحط زدہ مشرقی ساحلی علاقہ کے جنگلات میں قدرتی آگ پھیلنے کے سبب کم سے کم 3 افراد فوت اور دیگر کئی لاپتہ ہیں۔ 30 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں اور زائد از 150 مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ دیہی فائر سرویس کمشنر اسٹین فٹز سائمنس نے کہا کہ 1,500 آتش فرو کارکن آسٹریلیا کی کثیرالآباد ریاست نیو ساؤتھ ویلس کے 70 مقامات پر بھڑک اُٹھنے والی قدرتی آگ بجھانے کیلئے جانفشانی کے ساتھ نبردآزما ہیں لیکن خشک موسم اور تیز ہوا کے سبب شعلوں کو مزید طاقت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید جھلسی ہوئی حالت میں دستیاب ایک بے ہوش خاتون دواخانہ میں علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ دو بچوں کی ماں اور چھ بچوں کی نانی؍ دادی 69 سالہ ویویان چاپلین، ایک چھوٹی سی آبادی والے علاقہ وائیٹالیبا میں اپنے گھر میں تنہا تھی کہ اس کا گھر شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ چاپلین کی بہو کریسٹل ہاروڈ نے کہا کہ میں انہیں فون پر باہر نکلنے کیلئے کہہ رہی تھی کہ وہ آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ اُن سے بات کرنے والی میں آخری فرد خاندان ہوں۔ وہ انتہائی خوف و سنسنی کی حالت میں تھیں اور کہہ رہی تھیں کہ چاروں طرف سے آگ نے ہمیں گھیر لیا ہے مجھے اب بچانے کیلئے یہاں بچوں کی ضرورت ہے۔