پونٹنگ الیون نے گلکرسٹ الیون کو ایک رن سے ہرایا
7.7 ملین امریکی ڈالر رقم حاصل ، بورڈ کا کھلاڑیوں سے اظہار تشکر
ملبورن۔ 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کے متاثرین کی امداد کے لئے آج آسٹریلیا کے ملبورن گراؤنڈ پر ایک امدادی میچ کھیلا گیا جس میں گ رکی پونٹنگ الیون نے گلکرسٹ الیون کوصرف ایک رن سے ہرادیا اور میچ سے حاصل ہونے والی رقم جنگلاتی آگ سے متاثر ہونے والوں کی فلاح و بہبود کیلئے دی گئی۔ میچ کے اختتام پر کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹوئٹ میں آسٹریلیا اور دنیائے کرکٹ کے نامور سینئر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے میچ کے انعقاد کے ذریعہ 7.7 ملین ڈالرس کی رقم جمع کی۔ 10 اوور کے اس میچ میں رکی پونٹنگ اور آڈم گلکرسٹ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل تھیں۔ پونٹنگ الیون نے مقررہ 10 اوور میں 5 وکٹس پر 104 رنز اسکور کئے جس میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برین لارا نے 11 گیندوں میں 30 رنز اسکور کئے۔ انہوں نے 3 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ رکی پونٹنگ نے 26 رنز بنائے جبکہ میتھیو ہیڈن 16 اور دو کے ہیوگ نے 11 رکن اسکور کئے۔ ویسٹ انڈیز کے کورٹنی والش سابق ہندوستانی آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں گلکرسٹ الیون نے اچھی شروعات کی۔ شین واٹسن اور گلکرسٹ نے پہلی وکٹ کیلئے 49 رنز اسکور کئے۔ واٹسن نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے جبکہ گلکرسٹ صرف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اچھی شروعات کے باوجود بریٹ لی اور لوک ہاگ نے اپنی شاندار بولنگ سے ٹیم کو پریشان کردیا۔ براڈ ہاگ صفر اور یوراج سنگھ صرف 2 رنز بناسکے۔ اینڈریو سائمنڈس نے 13 گیندوں میں 29 رنز بناکر ٹیم کو سہارا دیا، لیکن ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے۔ بریٹ لی نے 11 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اننگز بریک کے دوران ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن تنڈولکر نے 2019ء کی ویمن کرکٹ آف دی ایر ایلیسے پیری اور انابل کا ایک اوور کھیلا۔ تنڈولکر ، پونٹنگ الیون کے کوچ تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ برسوں میں انہوں نے آج پہلی بار بیٹنگ کی ہے۔ پیری نے تین گیندیں کی اور ان کی ساتھی کھلاڑی انابل سوتھرلینڈ نے باقی گیندیں لیکن تنڈولکر نے ایک چوکا لگایا اور پھر دو رنز حاصل کئے۔ امدادی میچ میں کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ سینئر کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملا جن میں سچن، پونٹنگ، لارا، اکرم اور دوسرے شامل تھے۔