سوشل میڈیا کو مکمل آزادی کے مضر اثرات، ہندوستان میں بھی بچوں کو محفوظ رکھنے پر زور
حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) بچوں میں پیدا ہونے والی ہیجانی کیفیت اور ان کے غصہ کے علاوہ پائی جانے والی ضد کو دیکھتے ہوئے حکومت آسٹریلیا نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے یوٹیوب کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جلد ہی حکومت آسٹریلیا یوٹیوب کے 16سال سے کم عمر بچوں کے استعمال پر پابندی کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائے گی۔ آسٹریلیا میں حکومت نے سابق میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کو مکمل آزادی فراہم کرنے کے اقدامات کئے تھے لیکن اس کے مضر اثرات کو دیکھتے ہوئے اپنے موقف سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ دنیا بھر میں ترقی یافتہ ممالک سوشل میڈیا ویب سائٹس کے مضر اثرات کو محسوس کرتے ہوئے ان پر سخت کاروائی اور قوانین کی تیاری کو یقینی بنارہی ہیں لیکن ہندستان میں تعلیم کو عصری ٹکنالوجی سے مربوط کرنے کے نام پر بچوں کو الکٹرانک آلات سے جوڑے رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں سوشل میڈیا بالخصوص یوٹیوب کے استعمال کو بھی فروغ دیا جانے لگا ہے ۔ یوٹیوب کے ذریعہ بچے محض تعلیمی ویڈیو نہیں دیکھ رہے ہیں بلکہ وہ یوٹیوب پر موجود مواد کا مشاہدہ کرتے ہوئے نادانستہ طو رپر جارحیت کا شکار ہونے لگے ہیں کیونکہ عام طور پریوٹیوب پر موجود مواد کے مشاہدہ کے دوران جو ویڈیوز آتے ہیں وہ بچوں کے لئے مناسب نہیں ہوتے۔ حکومت آسٹریلیا کی جانب سے اختیار کئے جانے والے موقف کے سلسلہ میں ہندستانی ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ ایسا کرتے ہوئے بچوں کی نفسیات میں پیدا ہونے والے بگاڑ سے روکا جاسکتا ہے ۔ اسی لئے حکومت ہند کو بھی اس طرح کے اقدامات کے ذریعہ بچوں کو انٹرنیٹ کے غیر محفوظ استعمال سے روکنے کے اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے ۔ 3
ماہرین نفسیات کا کہناہے کہ بچوں کی طبعیت میں وقت سے پہلے پیدا ہونے والی حساسیت اور جارحیت دونوں ہی بچوں کے بچپن کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوتی ہیں اسی لئے بچوں کو ان کے بچپن میں درست تربیت کے ذریعہ پرورش ہی ان کے مستقبل کو بہتر بناسکتی ہے لیکن اگر شدت پسند‘ جارحیت پسند اور انتہائی حساس ویڈیو یا پھر مزاح پر مبنی مواد بھی اگر ضرورت سے زیادہ دیکھا جائے تو ایسی صورت میں اس کے منفی اثرات بچوں کے ذہن پر پڑنے لگتے ہیں اور وہ ان اثرات کا شکار ہونے سے محفوظ نہیں رہ سکتے اسی لئے پختہ عمر میں پہنچنے سے قبل سوشل میڈیا کے استعمال کے علاوہ غیر محفوظ انٹرنیٹ کے استعمال پر کنٹرول کے اقدامات کئے جانے ناگزیر ہیں