آسٹریلیا میں گرم اور خشک موسم سے عوام پریشان

   

صورتحال برقرار رہنے کی پیش قیاسی : محکمہ موسمیات
سڈنی ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں انتہائی گرم اور خشک موسم نے لوگوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے اور اس دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے اس صورتحال کے جاری رہنے کی پیش قیاسی سے پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔گرم اور خشک موسم کی وجہ سے آسٹریلیا کے بڑے حصے میں جنگلات میں آگ کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ خراب موسم کی وجہ سے کسان اور ان کے مویشی بری طرح متاثر ہیں اور متعدد علاقوں میں پانی کی کمی ہوگئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے موسمیاتی پیش گوئی کے سربراہ ، ڈاکٹر اینڈریو واٹکنز کے مطابق ، موجودہ صورتحال کے لئے پازیٹو انڈین اوشین ڈپول (آئی او ڈی) ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا ، ‘‘پازیٹو آئی او ڈی کی وجہ سے ، ہمارے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش بہت کم ہوتی ہے اور درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ہے ۔پازیٹوآئی او ڈی کی وجہ سے موسم گرما میں ہونے والی بارش کے لئے ذمہ دار شمالی مانسون کے بھی تاخیر سے آنے کا خدشہ ہے ۔’’اینڈریو واٹکنز نے چوکس رہنے کی صلاح دی ہے کیونکہ آنے والے مہینوں میں موسم مزید خراب ہوسکتا ہے ۔