بنگلہ دیش کا 307 کا ٹارگٹ مقرر کیا مگر مچل مارش کے 177 ناٹ آؤٹ میچ پر چھا گئے
پونے : ورلڈ کپ کے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا نے مچل مارش کی زبردست سنچری کی مدد سے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پونے میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رن بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا نے 307 رن کا ٹارگٹ 44.4 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 177 رن کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، ڈیوڈ وارنر نے 53 رن اسکور کیے۔ اسٹیو اسمتھ نے ناٹ آؤٹ 63 رن بنائے، ٹریوس ہیڈ نے 10 رن اسکور کیے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کے 306/8 میں توحید ہردوئی 74 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ اوپنرز تنزید حسن اور لٹن داس نے 36،36 رنز اسکور کیے، کپتان نجم الحسن شنتو نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، محمود اللہ نے 32، مشفق الرحیم نے 21، مہدی حسن مراز نے 29 اور نسم احمد نے 7 رنز بنائے۔ مہدی حسن دو رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شان ایبٹ اور ایڈم زمپا نے دو دو جب کہ مارکس اسٹوائنس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مچل مارش کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں آسٹریلیا کے جنوبی افریقہ کے ساتھ مساوی 14 پوائنٹس ’ہوگئے۔ تاہم نٹ رن ریٹ کی اساس پر جنوبی افریقہ دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان تاحال 16 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کا آخری میچ کل اتوار کو نیدرلینڈز کے خلاف بنگلورو میں مقرر ہے جو ٹورنمنٹ کا آخری لیگ مقابلہ ہوگا۔ چوتھی پوزیشن نیوزی لینڈ کو حاصل ہوگئی ہے کیونکہ کولکاتا میں جاری میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان آخری چار کیلئے کوالیفائی ہونے میں ناکام ہوگیا۔