آسٹریلیا نے افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت لی

   

کیپ ٹاؤن ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ڈیوڈ وارنر اور سیریز کے بہترین بیٹسمین قرار دیئے گئے کپتان آرون فنچ کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے یہاں منعقدہ تیسرے ٹی 20 مقابلہ میں میزبان جنوبی افریقہ کو 97 رنز سے شکست دیکر تین مقابلوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ آسٹریلیا نے بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اوپنرس کی نصف سنچریوں کی بدولت 193/5 رنز کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا جس کے بعد آسٹریلیائی بولروں نے انتہائی شاندار اور کفایتی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 15.3 اوورس میں 96 رنز تک محدود رکھا۔ آسٹریلیا کیلئے ڈیوڈ وارنر نے 37 گیندوں میں 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 اور ساتھی اوپنر فنچ نے 37 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پہلی وکٹ کیلئے 11.3 اوورس میں 120 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔ اسٹیواسمتھ نمبر پانچ پر بیٹنگ کرتے ہوئے ربادا کی نوبال پر آؤٹ ہونے سے ملنے والے موقع پر بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 15 گیندوں میں دو شاندار چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 30 رنز اسکور کئے۔ نشانہ کے تعاقب میں ڈوسن (24)، کلاسن (22) اور ڈیوڈ ملر (15) کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔ مچل اسٹارک کو تین وکٹوں پر مین آف دی میچ دیا گیا۔