میلبورن ۔ آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف رواں برس ہونے والی ٹی20 سیریز یہ کہتے ہوئے ملتوی کر دی کہ طالبان کے زیر اقتدار ملک میں خواتین کے حقوق کی صورتحال قابل قبول نہیں ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیںاور اس لیے اس نے اگست میں غیرجانبدار مقام پر مقررہ تین میچوں کی سیریزکو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالیہ برسوں میں افغانستان میں کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس کی ایک اور وجہ بین الاقوامی سطح پر بڑی ٹیموں کے خلاف اس ٹیم کی کامیابی بھی ہے۔تاہم طالبان کے زیر اقتدار حکومت میں خواتین کو مؤثر طریقے سے کھیلوں سے روکا گیا ہے۔ 2021 کے بعد یہ تیسرا موقع ہے کہ آسٹریلیا نے بین الاقوامی ٹورنمنٹس کے علاوہ افغانستان کے ساتھ کھیلنے سے انکارکیا ہے۔ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے چند ماہ بعد کرکٹ آسٹریلیا نے نومبر2021 میں ٹسٹ میچ منسوخ کردیا تھا۔ 2023 میں بھی آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں تین ونڈے میچوں کی سیریز منسوخ کر دی تھی۔ طالبان نے اگست 2021 میں ملک کا اقتدار سنبھال لیا ۔ اس کا نام تبدیل کرکے امارت اسلامیہ افغانستان رکھ دیا اور ایک عبوری حکومت قائم کی جس نے کہا ہے کہ وہ شریعت کے مطابق حکومت کرے گی۔ طالبان کی حکومت نے لڑکیوں پر سیکنڈری اسکولوں میں جانے پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ خواتین کو یونیورسٹیوں میں جانے سے روک دیا ۔ جس پر عالمی برادری نے غم و غصہ کا اظہار کیا تھا۔