سڈنی،8 جنوری (آئی اے این ایس) آسٹریلیا نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں کھیلے گئے پانچویں اورآخری ٹسٹ میں انگلینڈ کو5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشز سیریز4۔1 سے اپنے نام کر لی۔ یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی خاص رہی کہ عثمان خواجہ نے اپنا وداعی ٹسٹ فاتح ٹیم کا حصہ بن کر ختم کیا۔ پانچویں دن کے آغاز میں آسٹریلوی بولرز نے انگلینڈ کی دوسری اننگز 342 رنز پر سمیٹ دی، جس کے بعد میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 160 رنزکا ہدف ملا۔ 160 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے تیز آغازکیا۔ ٹراوس ہیڈ اور جیک ویڈرالڈ نے پہلی وکٹ کے لیے 62 رنزکی شراکت قائم کر کے کامیابی کی بنیاد رکھی۔ تاہم انگلینڈ کے بولروں نے عثمان خواجہ کے شاندار اختتام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جب جوش ٹنگ نے انہیں6 رنز پر بولڈکر دیا۔ اس کے بعد الیکس کیری (ناٹ آؤٹ 16) اور کیمرون گرین (ناٹ آؤٹ 22) کے درمیان 40 رنز کی محتاط شراکت نے، غیر ہموار پچ پر شدید دباؤ کے باوجود آسٹریلیا کو فتح کی دہلیز پارکرا دی۔ اس سے قبل مچل اسٹارک نے دوسری نئی گیند سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی دوسری اننگز کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے جیکب بیتھل کو آؤٹ کیا، جو150 رنز مکمل کرنے کے کچھ ہی دیر بعد 154 رنز بناکر پویلین لوٹے۔22 سالہ بیتھل نے لوورآرڈرکے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے قابلِ تعریف حوصلے کا مظاہرہ کیا، تاہم پلیئر آف دی سیریز مچل اسٹارک نے بالآخر انہیں کیچ آؤٹ کرایا، جسے الیکس کیری نے باآسانی تھام لیا۔ نشانے کے تعاقب کے دوران آسٹریلیا کے کئی بیٹرس نے اچھی شروعات کی، مگر ٹراوس ہیڈ (29) اور جیک ویڈرالڈ (34) دونوں جوش ٹنگ کا شکار بنے۔ مارنس لبوشین37 رنز بنا کر غلط فہمی کے باعث رن آؤٹ ہو ئے، جبکہ اسٹیو اسمتھ (12) ول جیکس کی شاندار گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں جوش ٹنگ نے عثمان خواجہ کو بھی غلطی پر مجبورکیا۔ آخر میں کیری اور گرین نے انگلینڈ کے آخری دباؤ کو مؤثر انداز میں ختم کیا، اور الیکس کیری کے کور کے ذریعے لگائے گئے باؤنڈری شاٹ نے میچ کا خاتمہ کر دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی برتری مزید مضبوط ہوگئی ہے، جہاں اس کے پاس اب ممکنہ پوائنٹس کا 87.50 فیصد ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ دوسرے مقام پر موجود ہے۔واضح رہے کہ اس مقابلے کے ساتھ عثمان خواجہ کا آسٹریلیا کیلئے ایک کامیاب ترین دور ختم ہوا اور انہوں نے کامیاب ٹیم کا حصہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ۔
