گال (سری لنکا) : عثمان خواجہ (232)، کپتان اسٹیو اسمتھ (141) اور جوش انگلس (102)کی شاندار بیٹنگ کے بعد میتھیو کنمن (جملہ 9 وکٹ) اور نیتھن لیون (7 وکٹ) نے شاندار بولنگ کی، جس کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن ہفتہ کو سری لنکا کو اننگز اور 242رنز سے شکست دے دی۔ سری لنکا نے گزشتہ روز کے اسکور 136/5 سے آگے دوسری اننگز شروع کی۔ آج میتھیو کنمن نے سری لنکا کے کپتان دھنجے ڈی سلوا کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو چھٹی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ڈی سلوا نے آٹھ چوکوں کی مدد سے (39)رنز کی اننگز کھیلی۔ کوسل مینڈس (34) کو لیون نے آؤٹ کیا۔ پربھات جے سوریہ (1) اور نشان پیرس صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ کنمین نے 55ویں اوور میں جیفرا وینڈرسے (53) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی دوسری اننگز کا خاتمہ کیا۔ آسٹریلیا نے سری لنکا کو دوسری اننگز میں 54.3 اوورز میں 247 رنز پر آؤٹ کر کے ایک اننگز اور 242 رنز سے کامیابی حاصل کی۔آسٹریلیا کی جانب سے لیون اور کنمین نے چار، چار وکٹ لئے۔ مچل اسٹارک اور ٹوڈ مرفی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں پر 654 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی سری لنکائی ٹیم کو پہلی اننگز میں آسٹریلیائی گیند بازوں نے 165 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کو اُن کی عمدہ اور پہلی ڈبل سنچری اننگز پر ’پلیئر آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔