برسبن۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بولروںکی شاندار کارکردگی کے بعد جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر کے ناٹ آوٹ 60 رنز کی بدولت آسٹریلیا نے سری لنکا کو دوسرے ٹی20 مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے ۔آسٹریلیا نے سری لنکا کو 19اوور میں 117رن پر سمیٹنے کے بعد 13اوور میں ایک وکٹ پر118رن بناکر آسان جیت حاصل کرلی۔ پہلے میچ میں ناٹ آوٹ سنچری بنانے والے وارنر نے اس میچ میں ناٹ آوٹ نصف سنچری بنائی۔ وارنر نے محض41گیندوں پر 9چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 60 رنز بنائے اور مسلسل دوسرے میچ میں پلیئر آف دی میچ بنے۔ وارنر نے اسٹیون کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے 117رنز کی میچ جیتانے والی شراکت کی۔کپتان آرون فنچ کھاتہ کھولے بغیر پہلے ہی اوورکی تیسری گیند پر لستھ ملنگا کے شکار بنے لیکن اس کے بعد وارنر اور اسمتھ نے سری لنکائی بولروںکوکوئی موقع نہیں دیا۔ اسمتھ نے 36گیندوں میں ناٹ آوٹ 53 رنز بنائے جس میں چھ چوکے شامل ہیں۔اس سے پہلے سری لنکا کی اننگز میں بلی اسٹین لیک، پیٹ کمنس، ایشٹن ایگر اور ایڈم زمپا نے فی کس دو وکٹ لیکر مہمان ٹیم کی اننگز کو 117رن پر ختم کردیا۔ وکٹ کیپرکشل پریرا نے سب سے زیادہ27 رنز اور اوپنر دانشکا گناتلکا نے 21 رنز بنائے ۔ آویشکا فرنانڈو نے17، وانندو ہسارنگا نے 10، اسورو ادانا نے 10اور لکشن سنداکن نے دس رنز بنائے ۔سری لنکا نے آخر ی آٹھ وکٹ 64 رنز جوڑکرگنوائے ۔ اسٹین لیک نے23 رنز پر دو وکٹ، کمنس نے 29 رنز پر دو وکٹ، ایگر نے 27 رنز پر دو وکٹ اور زمپا نے 20 رنز پر دووکٹ لئے ۔