آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 296 رنز سے شکست دی

   

پرتھ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل اسٹارک کی شاندار بولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے ڈے ۔ نائٹ ٹسٹ میں مہمان نیوزی لینڈ کو 296 رنز سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 468 رنز کے ریکارڈ نشانہ کے تعاقب میں دوسری اننگز میں بھی 271 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے لئے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ وکٹ کیپر بیٹسمین واٹلنگ نے 40 رنز بنائے جبکہ گرانڈ ہوم نے 33 رنز کا تعاون دیا۔ آسٹریلیا کے لئے اسٹارک نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 اوورس میں 45 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پہلی اننگز میں انہوں نے 52 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ مجموعی طور پر اسٹارک نے اس مقابلے میں 9 وکٹیں حاصل کئے اور بیٹنگ میں بھی پہلی اننگز میں 30 اور دوسری اننگز میں 23 رنز اسکور کئے ہیں۔ ورلڈ چمپین شپ کے ضمن میں کھیلی جارہی سیریز میں پہلے مقابلے کی کامیابی سے آسٹریلیا کو 40 نشانات حاصل ہوئے ہیں۔