آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کا ٹی20 میں وائٹ واش کردیا

   

جمائیکا۔29 جولائی (پی ٹی آئی) آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی20 میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔ سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیزکو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز5-0 سے جیت لی۔ سیریز کامیابی میں آسٹریلیا کے بیٹرکیمرون گرین نے بڑا کردار ادا کیا جنہوں نے 205 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر کلین سویپ کیا ہے۔5ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کی لیکن ان کی اننگز 20 اوورز سے پہلے ہی ختم ہوگئی۔ ویسٹ انڈیزکی ٹیم 19.4 اوورز میں 170 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ جواب میں آسٹریلیا نے171 رنزکا ہدف 18 گیندیں پہلے7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 5ویں ٹی 20 کے رنزکے تعاقب میں، ٹم ڈیوڈ نے آسٹریلیا کے لیے 250 کے اسٹرائیک ریٹ سے 12 گیندوں میں 30 رنز بنائے۔ مچل اوون نے 217.64 کے اسٹرائیک ریٹ سے17 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔ جبکہ کیمرون گرین کا اسٹرائیک ریٹ 177.77 رہا اور انہوں نے 18 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔