سڈنی ٹسٹ میں شان مسعود کی ٹیم کو 8 وکٹ سے شکست ۔ عامر جمال کو میچ اور کیپٹن پیاٹ کمنز کو سیریز ایوارڈ۔ وارنر کا ریٹائرمنٹ
سڈنی: آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹسٹ سیریز کے آخری میچ میں بھی میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا۔ سڈنی ٹسٹ کے آج چوتھے روز پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 130 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔اس سے قبل پاکستان کو میلبرن ٹسٹ میں 79رنزسے شکست ہوئی، اور پرتھ ٹسٹ بھی پاکستان 360 رنزکے بھاری فرق سے ہارا تھا۔ 130 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی جب اوپنر عثمان خواجہ کو ساجد خان نے اپنا شکار بنا کر پویلین واپس بھیجا۔ آسٹریلیا نے لنچ تک 1 وکٹ کے نقصان پر 91 رنز بنالئے تھے، اور وقفہ کے بعد ڈیوڈ وارنر 57 رنز بناکر ساجد خان کا شکار ہوئے۔ اسٹیون اسمتھ نے 4 رنز اور مارنس لبوشین نے 55 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آسٹریلیا نے چوتھے روز پاکستان کا دیا ہوا 130 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 25.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ عامر جمال کو پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ (82 رنز) اور 6 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ میزبان کیپٹن پیاٹ کمنز نے سیریز ایوارڈ حاصل کیا۔ انھوں نے مجموعی طور پر 19 وکٹیں لئے۔ اس سے پہلے چوتھے دن کے آغاز میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستانی بیاٹرز محمد رضوان 28، عامر جمال 18 اور حسن علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے جبکہ عبداللہ شفیق، شان مسعود، ساجد اور سلمان صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ صائم ایوب 33 اور اسٹار بیاٹر بابراعظم صرف 23 رنز بناسکے۔ پیس بولر جوش ہیزل ووڈ نے 4 اور نیتھن لیون نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان 1999ء سے آسٹریلیا میں لگاتار ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش ہورہا ہے۔ اس مرتبہ شان مسعود زیرقیادت ٹیم کی ناکامی کی بڑی وجہ بیاٹرز اور بولرز کا ایک ساتھ اچھا مظاہرہ نہ کرنا ہے۔