آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر، زمبابوے سوپر8 میں داخل

   

پالی کیلے ، 17فروری(یو این آئی )آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان اہم میچ مسلسل بارش کی نذر ہوگیا، جس کے نتیجہ میں زمبابوے نے ٹورنمنٹ کے اگلے مرحلے سوپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ، جبکہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔2021کی عالمی چمپئن ٹیم کے رواں ایونٹ میں سوپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کا انحصار صرف زمبابوے کے باقی میچز میں شکست پر تھا۔ آسٹریلیا کے صرف دو پوائنٹس ہیں اور اس کا صرف ایک میچ عمان سے باقی ہے ، اگر وہ میچ جیت بھی جائیں تب بھی صرف مجموعی طور پر چار پوائنٹس حاصل کر پائیں گے ۔اس طرح زمبابوے کی ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈکپ کے سوپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئی۔اس سے قبل2009 میں رکی پونٹنگ کی کپتانی میں ٹیم لیگ مرحلے سے باہر ہوئی تھی۔2024کے ورلڈکپ سے باہر رہنے والی زمبابوے کی ٹیم نے آج ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی بڑی ٹیم کو چیلنج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔سوپر8 مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے بعد اب زمبابوے کا سفر مزید دلچسپ اور مشکل ہونے والا ہے ۔ اگلے مرحلے میں زمبابوے کا مقابلہ کرکٹ کی عالمی طاقتوں ہندوستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جس فارم اور جذبے کے ساتھ زمبابوے کھیل رہی ہے ، وہ بڑے برج الٹانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔واضح رہے کہ پالی کیلے میں بارش کے باعث کھیل کا آغاز ممکن نہ ہو سکا اور امپائرز نے دونوں کپتانوں کی مشاورت کے بعد میچ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ بوندا باندی نہ رکنے کی وجہ سے میچ کو باقاعدہ طور پر منسوخ کردیاگیا ہے ۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی زمبابوے کو ملنے والے پوائنٹ نے انہیں اگلے مرحلے میں پہنچا دیا ہے ، جبکہ سابق چمپئن آسٹریلیا اورآئرلینڈ ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق شام 5:29 بجے امپائرز نے میچ ریفری سے مشاورت کے بعد سکندر رضا اور آئرش کپتان ٹکر کو طلب کیا۔ دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ اس بات کا اعلان تھا کہ اب میدان میں مزید کرکٹ ممکن نہیں۔ تکنیکی طور پر یہ میچ برابر رہا، لیکن عملی طور پر یہ جیت زمبابوے کے نام رہی جس نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری کی بدولت تاریخ رقم کردی ہے ۔کرکٹ کی تاریخ میں یہ ایک نادر واقعہ ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کسی اسوسی ایٹ یا کمزور سمجھی جانے والی ٹیموں کے مقابلے میں رن ریٹ اور بارش کی وجہ سے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہو جائے ۔ آسٹریلوی کیمپ میں اس وقت مایوسی کا عالم ہے ، کیونکہ ان کی تمام تر امیدیں اس میچ کے نتیجے اور موسم پر ٹکی ہوئی تھیں، جو بالآخر ان کے خلاف گیا۔ موجودہ ورلڈکپ میں منسوخ ہونے والا یہ پہلا میچ ہے ۔ ٹورنمنٹ کی تاریخ میں اب تک آٹھ میچ منسوخ ہو چکے ہیں۔