آسٹریلیا کا آج دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈسے مقابلہ

   

برمنگھم۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پانچ مرتبہ کی چمپین آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کا کل رواں آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ کے خلاف مقابلہ ہوگا۔ ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل خطاب کیلئے میزبان انگلینڈ کو ہندوستان کے ساتھ دعویداروں میں شامل کیا گیا تھا، جس کو صحیح ثابت کرتے ہوئے انگلینڈ نے 1992ء کے بعد ناک آؤٹ مرحلہ میں رسائی حاصل کی ہے لیکن اسے آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف لارڈس میں کھیلے گئے مقابلے میں 64 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جو دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ذہنوں میں ہنوز تازہ ہے۔ یہی نہیں بلکہ ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل ہی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو وارم اپ مقابلے میں بھی 12 رنز سے شکست دی تھی۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی کے باوجود اپنے مظاہروں میں استقلال کا ثبوت دینے میں ناکام رہی اور خاص کر دونوں ہی ٹیمیں نشانہ کے تعاقب میں کامیاب نہیں ہوپائی ہیں۔ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف 233 رنز کے آسان نظر آنے والے نشانہ کے تعاقب میں بھی 20 رنز کی شکست ہوئی تھی۔ ایسا ہی کچھ حال آسٹریلیا کا بھی رہا جسے نشانہ کے تعاقب میں اپنے آخری مقابلے میں جنوبی آفریقہ کے خلاف 325 رنز کے تعاقب میں 10 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ کل کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کیلئے پھر ایک مرتبہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل اسٹارک کے ابتدائی اوورس اہمیت کے حامل ہوں گے جو میزبان اوپنرس جیسن رائے اور جانی بیرسٹو کی جوڑی کو کامیاب ہونے سے روکنے کی کوشش کریں گے۔ انگلینڈ کیلئے جیسن رائے پھر ایک مرتبہ اہم ہوں گے۔ علاوہ ازیں کپتان ایان مورگن اور جوز بٹلر پر ٹیم کو بہتر نشانہ فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوگی۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم کیلئے کپتان آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کی جوڑی اہم ہوگی جن پر ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوگی۔ زخمی کھلاڑیوں کے مقام پر شامل میتھیو ویڈ اور ہینڈس کومپ پر بھی توجہ مرکوز ہوگی۔ کرکٹ کی دو قدیم ٹیموں کے درمیان کل کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں آسٹریلیائی ٹیم کو نفسیاتی سبقت حاصل رہے گی جبکہ مڈل آرڈر میں تیزی سے رنز بنانے کی ذمہ داری گلین میکسویل پر عائد ہوگی جو ٹورنمنٹ میں تاحال کوئی قابل ذکر اننگز نہیں کھیل پائے ہیں۔