آسٹریلیا کا اگست میں دورۂ بنگلہ دیش، 5 ٹی20 مقابلے

   

ڈھاکہ : آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی 29 جولائی کو ڈھاکہ آمد ہوگی چونکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف 5 ٹی 20 مقابلوں کی اگست میں سیریز کھیلے گی۔ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان 3 تا 9 اگست پانچ مقابلوں کی ٹی 20 سیریز شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی لیکن اس سے قبل مہمان ٹیم اوراپنی ہوٹلس کے کمروں میں تین دن کا لازمی قرنطینہ مکمل کرے گی جس کے بعد وہ ٹریننگ کا آغاز کرے گی ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف اگزیکیٹیو نظام الدین چودھری نے کہا ہے کہ فطری طور پر کورونا بحران کی وجہ سے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ تمام کھلاڑیوں کی صحت کو یقینی بنایا جائے اور وائرس سے انہیں محفوظ رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بور ڈ اور کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ مذکورہ سیریز کے انعقاد کے لئے اتفاق کیا ہے جس میں 10 دن کا قرنطینہ بھی شامل ہے جو اس ہفتہ شروع ہوگا۔ دوسری جانب سے کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلی نے کہا ہے کہ ہم بنگلہ دیش کرکٹ بور ڈ میں موجود اپنے دوستوں سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں ، عملہ اور میچ عہدیداروں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں اور امید ہے کہ رواں برس کے اواخر میں منعقد شدنی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لئے تیاری کا بہترین موقع ہوگا۔