ملبورن ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپئن آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقہ کا دورہ کوروناوائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے۔ 22 مارچ کو دورہ جنوبی افریقہ کا محدود اوورس کی کرکٹ کیلئے آغاز ہونے والا تھا لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورہ کو معطل کردیا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم جنوبی افریقہ کے دورہ پر محدود اوورس کی دو سیریز کھیلنے والی تھی جس میں تین ونڈے اور ٹی20 مقابلے شامل تھے جس کا آغاز ڈربن میں ٹی 20 سیریز سے ہونے والا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا کہ آسٹریلیا کے تین مقابلوں کی ونڈے سیریز اور تین مقابلوں کی ٹی20 سیریز کے متعلق فیصلہ لیا گیا ہے اور اس دورہ کو معطل کردیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہیکہ وہ حالات کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے اور جیسے ہی حالات کرکٹ کیلئے بہتر ہوں گے اس دورہ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقی خاتون ٹیموں کے درمیان 22 مارچ کو ڈربن، 25 مارچ کو پیٹرماریٹ اور 28 مارچ کو ایسٹ لندن میں ونڈے سیریز جبکہ 31 مارچ کو ایسٹ لندن میں پہلا ٹی 20 مقابلہ اور بنونی میں 3 اور 4 اپریل کو دو ٹی 20 مقابلے مقرر تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی خاتون ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کو معطل کرنے کے علاوہ تین ونڈے مقابلوں کی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی مرد ٹیم کی میزبانی کے متعلق بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان مقابلوں کو شائقین سے خالی میدانوں میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا۔