آسٹریلیا کا گلوبل ویکسین باڈی کیلئے فنڈز میں اضافہ

   

کینبرا، 27جون (آئی اے این ایس) آسٹریلوی حکومت نے دنیا کے اربوں لوگوں کی صحت کیلئے کام کرنے والے’ گاوی ویکسین الائنس‘ کیلئے جمعہ کے روزفنڈز میں اضافے کا اعلان کیا وزیرخارجہ پینی وونگ اور بین الاقوامی ترقی کے وزیر این ایلی نے آج یہاں کہا کہ وفاقی حکومت 2026 سے 2030 تک ‘گاوی’ کے کام کی حمایت کیلئے 38.6 کروڑ آسٹریلین ڈالر (252.8ملین امریکی ڈالر) فراہم کرے گی۔نئے عزم میں 30 کروڑ آسٹریلوی ڈالر (196.5ملین) کی نئی فنڈنگ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی طرف سے کووڈ 19 ویکسینز کیلئے پہلے سے ہی دئے گئے 8.6 کروڑ آسٹریلوی ڈالر شامل ہیں۔یہ اعلان امریکی صحت اور انسانی خدمات کے سکریٹری رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ذریعہ 25جون کو یہ کہنے کے بعد سامنے آیا ہے کہ امریکہ گاوی کو فنڈ دینا بند کر دے گا، جس نے اپنے بجٹ کا تقریباً 13 فیصد فراہم کیا تھا۔سال 2000میں گاوی کے قیام کے بعد سے ، پبلک پرائیویٹ عالمی صحت کی شراکت داری نے ایک ارب 10 کروڑ سے زیادہ بچوں کو ویکسین دینے میں مدد کی ہے ۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کیلئے آسٹریلیا کی حمایت سے ایشیا اورر پیسفک میں قریبی پڑوسیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ آسٹریلیا کو بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال کے وقت قریبی پڑوسیوں کی براہ راست مدد کرنے کیلئے گاوی کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے ۔ایلی نے کہا کہ صحت کی حفاظت کیلئے اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے اور گاوی سے ہمارا نیا عہد اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کرے گا کہ ہمارے خطے اور دنیا بھر کے ممالک زندگی بچانے والی ویکسین تک رسائی حاصل کر سکیں۔ آسٹریلیا نے 2021سے 2025تک پانچ سالہ مدت کیلئے گاوی کو 30کروڑ آسٹریلیائی ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔گاوی ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو دنیا کے غریب ترین ممالک کو زندگی بچانے والی ویکسین دستیاب کرانے میں مدد کرتی ہے ۔ یہ سرکاری اور نجی شعبوں کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ ویکسین کے مساوی اور پائیدار استعمال کو بڑھا کر لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے اور ان کی صحت کی حفاظت کی جاسکے ۔گاوی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ دنیا کے غریب ترین ممالک کو زندگی بچانے والی ان ویکسین تک رسائی حاصل ہو اور جو امیر ممالک میں پیدا ہونے والے بچوں کوآسانی سے دستیاب ہیں۔