اڈیلیڈ میں انگلینڈ کو تیسرا ٹسٹ جیت کر سیریز کو بچانے کیلئے 228 رنز کی ضرورت
اڈیلیڈ ، 20 ڈسمبر (ایجنسیز) آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف جاری تیسرے ٹسٹ کے ساتھ ہی ایشز ٹروفی جیتنے کیلئے مزید 4 وکٹیں درکار ہیں جبکہ مہمان ٹیم کو یہاں کامیابی کے ذریعہ سیریز بچانے کیلئے 435 کے ٹارگٹ پر مزید 228 رنز کی ضرورت ہے۔ بین اسٹوکس زیرقیادت ٹیم نے آج 207/6 کے اسکور پر چوتھے روز کے کھیل کا اختتام کیا۔ اوپنر زاک کرالی نے 85 کا ٹاپ اسکور کیا۔ دیگر اوپنر بین ڈکٹ 4، اولی پوپ 17، جوزف روٹ 39، ہیری بروک 30 اور اسٹوکس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جیمی اسمتھ (2) اور وِل جیکس (11) ناٹ آؤٹ ہیں۔ مارننگ سیشن میں انگلینڈ نے شاندار مظاہرہ کیا۔ آسٹریلیا نے گزشتہ روز کے اسکور 271/4 سے آگے کھیلتے ہوئے ٹراویس ہیڈ (170) اور الیکس کیری (72) کی عمدہ بیٹنگ کے بل بوتے پر اسکور کو 311 تک پہنچا دیا تھا لیکن جیسے ہی ہیڈ کو جوش ٹنگ (4/70) نے آؤٹ کیا، مزید 38 رنز جوڑ کر آسٹریلیا کی دوسری اننگز 349 پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں 85 رنز کی سبقت کے ساتھ انگلینڈ کیلئے 435 کا ٹارگٹ مقرر ہوا۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 371 اور انگلینڈ نے 286 اسکور کئے تھے۔
