آسٹریلیا کو آج بنگلہ دیش کے چیلنج کا سامنا

   

ناٹنگھم۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین آسٹریلیا کا کل یہاں مقابلہ خطرناک ثابت ہورہی بنگلہ دیشی ٹیم سے ہوگا اور آسٹریلیائی ٹیم کامیابی کے ذریعہ سیمی فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہوگی لیکن اس کیلئے شکیب الحسن اصل خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ آرون فنچ کی زیرقیادت آسٹریلیائی ٹیم پانچ مقابلوں میں 8 نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے حالانکہ پہلے مقام پر فائز انگلینڈ کی ٹیم کے نشانات بھی 8 ہی ہیں لیکن رن ریٹ کے فرق سے آسٹریلیا دوسرے مقام پر ہے۔ گزشتہ مقابلے میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 300 سے زائد رنز کا کامیاب تعاقب کیا ہے جس میں شکیب الحسن نے نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل تسخیر 124 رنز بنائے ہیں۔ شکیب نے اپنے کیریئر کے شاندار فام میں موجود ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے یکے بعد دیگرے دو سنچریاں اسکور کی ہیں۔ آسٹریلیا کیلئے فنچ اور وارنر کے شاندار فام کے ساتھ اسٹیو اسمتھ اور بولنگ شعبہ میں میچل اسٹارک کلیدی کھلاڑی ہوں گے۔

زخمی دھون ورلڈ کپ سے باہر
ساؤتھمپٹن۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اِن فام زخمی بیٹسمین شکھر دھون ورلڈ کپ سے باہر ہوچکے ہیں اور ان کے متبادل کے طور پر نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ 33 سالہ دھون جوکہ 9 جون کو آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ مقابلے میں اپنا بایاں انگوٹھا زخمی کرا بیٹھے تھے جس کی وجہ سے ابتداء میں انہیں 16 جون کو پاکستان، 22 جون کو افغانستان اور 27 جون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے کیلئے ٹیم سے باہر قرار دیا گیا تھا لیکن اب تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زخمی دھون ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے کہا کہ دھون کا زخم ورلڈ کپ کے دوران مندمل نہیں ہوگا، لہذا ان کے مقام پر 21 سالہ پنت کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے جو کہ گزشتہ ایک برس کے دوران شاندار فام میں موجود ہیں۔

مائیکل پلاٹینی گرفتار
پیرس ۔19 جون (سیاست ڈاٹ کام ) یورپی فٹ بال اسوسی ایشن ( یو ای ایف اے) کے سابق سربراہ مائیکل پلاٹینی کو فرانسیسی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان سے قطر کو فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنمنٹ کی میزبانی دینے کے عمل میں مبیّنہ بدعنوانیوں کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ فرانسیسی اخبار لی موندے اور تحقیقاتی ویب سائٹ میڈیا پارٹ نے مائیکل پلاٹینی کی گرفتاری اور ان سے پوچھ تاچھ کی اطلاع دی ہے۔ فرانسیسی پراسیکیوٹر اور تفتیش کار قطر کو 2022ء میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ فٹ بال ٹورنمنٹ کی میزبانی دینے کے عمل میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کی تحقیقات کررہے ہیں۔ 63 سالہ پلاٹینی 2015ء تک یو ای ایف اے کے سربراہ تھے۔اس کے بعد ان پر تنظیم کی اخلاقیات کی خلاف ورزی کے الزام میں چار سال تک پابندی عاید کردی گئی تھی۔ ان پر فٹ بال کی عالمی فیڈریشن اسوسی ایشن ( فیفا)کے سابق صدر سیپ بلاٹر سے 20 لاکھ سوئس فرانک وصول کرنے کا الزام تھا۔