چمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں ہندوستان کی چار وکٹ سے کامیابی، آج دوسرا سیمی فائنل
دبئی: ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آج آسٹریلیا کو شکست دیکر آئی سی سی ایونٹس میں چمپئن ٹیم کے خلاف اپنی ناکامیوں کا تسلسل توڑا۔ آج کی جیت کے ہیرو ویراٹ کوہلی رہے جنہوں نے پھر ایک بار ثابت کیا کہ وہ ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں دیئے گئے ٹارگٹ کے کامیابی تعاقب کے بلامبالغہ کنگ کہے جاسکتے ہیں۔ آسٹریلیا کی طرف سے اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور پوری ٹیم 49.3 اوورس میں 264 پر آل آوٹ ہوئی۔ خود کپتان اسمتھ نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے لیکن انہوں نے 96 گیندیں کھیلے۔ الیکس کیری نے 61 رنز بنائے جبکہ اوپنر ٹراویس ہیڈ کا حصہ 39 رنز رہا۔ جوابی اننگز میں شبھ من گل صرف 8 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے جبکہ کپتان روہت شرما بھی 28 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے لیکن کوہلی اور شریاس ایر نے تیسرے وکٹ کیلئے 91 رنز کی پارٹنر شپ کے ذریعہ ہندوستانی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ کوہلی آج استقلال کا مظاہرہ کرتے نظر آئے جیسا کہ ان کی 84 رنز کی اننگز میں صرف 5 چوکے شامل ہیں اور انہوں نے 98 گیندوں کا سامنا کیا۔ شریاس نے 45 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اکشر پٹیل کا اسکور 27اور ہاردک پانڈیا کا 28 رہا۔ لوکیش راہول 42 اور رویندر جڈیجہ 2 پر ناٹ آوٹ رہے۔ انڈیا نے 48.1 اوورس میں 267/6 کے ساتھ جیت درج کرائی۔ آئی سی سی ایونٹ کا فائنل اتوار 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل کل چہارشنبہ 5 مارچ کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کوہلی کو جاریہ ٹورنمنٹ میں دوسری مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔