آسٹریلیا کو چوتھے ٹی 20میں شکست، ہندوستان کو 2-1 کی سبقت

   

کارارا (گولڈ کوسٹ)، 6 نومبر (آئی اے این ایس) واشنگٹن سندر نے 3 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اکشر پٹیل اور شیوم دبے نے فی کس دو وکٹیں لے کر ہندوستان کو جمعرات کے روز کارارا اوول میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20 بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ مخلتف رفتار اور بدلتی باؤنس والی پچ پر ہندوستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز کا قابلِ دفاع اسکور بنایا، مگر اصل مظاہرہ تو بولروں نے دکھایا جنہوں نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو بے بس کردیا۔168کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 67/1 تک مضبوط تھی، لیکن اسپنرز نے دباؤ بڑھاتے ہوئے آسٹریلیا کے آخری نو کھلاڑیوں کو محض 52 رنز کے اندر پویلین بھیج دیا۔ پوری ٹیم 18.2 اوور میں 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اب سیریز بچانے کے لیے انہیں ہفتے کو برسبین میں آخری میچ لازماً جیتنا ہوگا۔ آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور مچل مارش نے چھ باؤنڈریز لگا کر جارحانہ انداز میں کیا۔ اکشر نے شارٹ کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلوائی اور پھر جاش اِنگلِس کو بولڈکردیا۔ اس کے بعد آسٹریلیا کی مڈل آرڈر لائن دباؤ میں بکھرگئی۔ ٹم ڈیویڈ نے دوبے کی گیند پر غلط شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوائی۔ جلد ہی جاش فلپ بھی ارشدیپ کے ہاتھوں شارٹ مڈ وکٹ پر کیچ ہوگئے۔ گلین میکسویل کو ورون چکرورتی کی گوگلی نے بولڈ کردیا۔ اس کے بعد سندر نے دو گیندوں میں دو وکٹیں حاصل کیں مارکس اسٹوئنس کو ایل بی ڈبلیو کیا اور زیویئر بارٹلیٹ کا آسان کیچ خود لے کر اپنے ٹی20 کیریئر کی50 وکٹیں مکمل کرلیں۔ جسپریت بمراہ نے بن ڈوارشویس کو بولڈ کرکے اپنی 99 ویں ٹی20 وکٹ حاصل کی، جبکہ سندر نے ایڈم زامپا کو لانگ آن پر کیچ کرکے میچ ختم کر دیا۔ اس سے قبل ہندوستان کو بیٹنگ کا آغاز دیتے ہوئے اوپنرز ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے 49 رنز کی شراکت قائم کی۔