آسٹریلیا کیلئے ڈی آر ایس بھیانک خواب بن گیا

   

لندن۔16ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے لیے ڈی آرایس بھیانک خواب بن کر رہ گیا۔اوول ٹسٹ میں بھی مہمان کپتان ٹم پین 2 مرتبہ فیصلے کی غلطی کے باعث اہم وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ جوئے ڈینلی 54 رنز پر تھے جب انھیں مچل مارش کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونا چاہیے تھا لیکن پین نے ناٹ آؤٹ فیصلے کے خلاف ریویو نہیں لیا بعد ازاں ڈینلی نے 94 رنز بنائے، اسی طرح جوز بٹلر کے خلاف ناتھن لیون کی گیند پر انھوں نے ایل بی ڈبلیو کیلیے ریویو نہیں لیا جبکہ ری پلے میں گیند مڈل اسٹمپ سے ٹکراتے ہوئے دکھائی دے رہی تھی۔اس طرح 19 رنز پر موقع پانے والے بٹلر نے 47 رنز بنائے۔ ٹم پین نے تسلیم کیا کہ ڈی آر ایس ان کیلیے بھیانک خواب بن کر رہ گیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھ سے غلطی ہوئی ہے، اس کے سوا اور میں کیا کرسکتا ہوں، ہم اس کے استعمال میں غلط ثابت ہوئے ہیں، ویسے بھی کم وقت میں فیصلہ کرنا ایک مشکل کام ہے، اسی سے میں نے جانا ہے کہ امپائر کتنا مشکل کام کرتے ہیں، میری ان کیلیے عزت بڑھ گئی ہے۔جب ٹم پین سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی اس خامی پر قابو پانے کیلیے کیا کرنا چاہیں گے، تو انھوں نے ازرائے مذاق کہا کہ میں آسٹریلیا واپس جانے کے بعد کسی امپائرنگ اسکول میں داخلہ لوں گا۔