آسٹریلیا کی آگ کا اثر : نیوزی لینڈ کا مطلع نارانجی

   

آکلینڈ ۔5جنوری ۔(سید مجیب کی رپورٹ) آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ اور مٹی کے طوفان نے جہاں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا تو وہیں آسمان نارنجی رنگ میں تبدیل ہوگیا۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں دوپہر ڈھائی بجے غروب آفتاب کا وقت معلوم ہورہا تھا جس سے عوام میں دہشت پھیل گئی تھی ۔موسم کی خرابی اکثر ناصرف مشکل صورتحال پیدا کردیتی ہے بلکہ لوگوں کوخوفزدہ بھی کردیتی ہے۔ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں موسم کی ایسی سختی اُس وقت دیکھی گئی جب اچانک مٹی کا طوفان اُمڈ آیا اور آسمان نارنجی رنگ میں تبدیل ہوگیا جس نے ہرشخص کو خوفزدہ کردیا۔آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں جہاں جنگلات میں لگی آگ نے شہریوں کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے وہیں گزشتہ روز مٹی کے طوفان نے اُن کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ اُڑتی ریت اور دُھول مٹی سے جہاں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا وہیں ٹریفک کی روانی بھی بُری طرح متاثر ہوئی اور ہوا میں اُڑتی ریت اور مٹی کے باعث کئی افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق موسم کی خراب صورتحال کے باعث انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھر سے باہر نکلتے ہوئے احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے۔