آسٹریلیا کی سب سے بڑی ونڈے کامیابی

   

برسبین۔آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم نے تیسرے اورآخری ونڈے میں نیوزی لینڈ کو 232 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم کی سب سے بڑی ونڈے کامیابی ہے ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد 325 رنزکا ہمالیائی اسکور بنایا۔ لیننگ کی جگہ ٹیم کی کپتانی کرنے والی راچیل ہینز نے آسٹریلیائی ٹیم کے لئے96 اورایلیسہ ہیلی نے ٹیم کے لئے87 رنزکا اضافہ کیا۔ راچیل نے 104 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ ہیلی نے 87 گیندوں کا سامنا کیا اور13 چوکوں کے علاوہ ایک چھکا بھی لگایا۔ نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم27 اوورزکھیلنے کے بعد100 کا نشان تک نہیں عبورکرسکیں اور93 رنزپر ڈھیر ہوگئیں۔ ٹیم کی اسٹارکھلاڑی سوفی ڈیوائن اور ایمیلاکیر پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئیں ۔ ان کے صرف دو بیٹس ویمن دوہرے ہندسے کو چھو سکیں۔ ٹیم کے لئے ایمی اسٹار ویٹ نے سب سے زیادہ رنز بنائے ۔ انہوں نے41 رنزکی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ صرف میڈی گرین ہی دس کے ہندسیکو چھوسکی تھیں۔ انہوں نے22 رنزبنائے ۔آسٹریلیائی ٹیم کے لئے میگن شٹ ، جیس جوناسن ، ایشلے گارڈنر اور سوفی مولینکس نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔اس کامیابی کے ساتھ ہی خواتین کی ٹیم نے اپنی مردوں کی ٹیم کی برابر کردی۔ ونڈے میں آسٹریلیا کی یہ مسلسل21 ویں کامیابی ہے اور رکی پونٹنگ کی مردوںکی آسٹریلیائی ٹیم نے بھی مسلسل21 ونڈے میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ راچیل ہینزکو پلئیر آف دی میچ اور پلئیر آف دی سریزکا خطاب دیا گیا ۔