جیت کیلئے 400رنز کے تعاقب میں نیدرلینڈز محض90رنز پر ڈھیر
دہلی :آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑے 309 رنز کے مارجن سے شکست دے دی۔دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا کے 400 رنز کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔نیدرلینڈز کو شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کے پوائنٹس 6 ہوگئے اور وہ چوتھی پوزیشن پر برقرار ہے۔ ٹورنامنٹ میں یہ آسٹریلیا کی تیسری کامیابی ہے۔ کینگروز اب تک اپنے پانچ میچ کھیل چکے ہیں جس میں سے دو میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کیخلاف مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز اسکور کیے تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 40 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 106 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 132 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے 93 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 104 رنز اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔