لندن ۔7 جون (سیاست ڈاٹ کام ) رواں ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 289 رنز کا تعاقب کرتے ویسٹ انڈیز کی ٹیم 273 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ اور ہولڈر کی نصف سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی، ٹیم نے 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 5 جبکہ کمنز نے 2 اور زمپا نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہوپ نے 68 رنز، ہولڈر نے 51 اور پوران نے 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم کوئی بھی ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار نہ کروسکا۔آسٹریلیا کے کاؤنٹر نائیل 92 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے میچ کے ابتدا ہی سے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کو دباؤ میں رکھا ۔آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں صرف 38 کے اسکور پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، جن میں کپتان ایرون فنچ 6 رنز، عثمان خواجہ 36 رنز اور ڈیوڈ وارنر 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین میکس ویل کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ 79رنز پر آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ گری جس کے بعد اسٹیون اسمتھ اور ایلکس کیری نے ٹیم کا اسکور ایک 147 تک پہنچایا بعد ازاںکیری 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اسمتھ اورکولٹر نائل نے ٹیم کے اسکور تیزی سے اضافہ کیا ۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 288 رنز پر آوٹ ہوئی اور ویسٹ انڈیز کو 289 رنز کا ہدف دیا۔ ٹیم کی جانب سے کاؤنٹر نائیل نے سب سے زیادہ 92 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مقابلہ میں بہتر آغاز اور ایک سے زیادہ مرتبہ گرفت مضبوط ہونے کے باجود ویسٹ انڈیز کو شکست ہوئی۔