سڈنی۔14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 21 نومبر کو شروع ہونے والی 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ ٹم پین کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر بھی سکواڈ کا حصہ ہیں ۔آسٹریلیا اے اور پاکستان کے مابین 3 روزہ پریکٹس میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا، اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹی20 سیریز میں پاکستان کو 2-0 سے شکست دی ہے جبکہ اس سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔ اب پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹسٹ میچ 21 نومبر کو برسبین میں شروع ہو گا جو 25 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ ایڈیلیڈ میں 29 نومبر کو شروع ہو گا جو 3 دسمبر تک جاری رہیگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے ٹسٹ ٹیم میں کپتان اظہر علی کے علاوہ، عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں ٹم پین (کپتان ) ، کیمرون بینکروفٹ، جوئے برنز، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، ٹیوس ہیڈ، مارنس لیبوشاگنے، ناتھن لیون، مائیکل نیسر، جیمز پیٹنسن، اسٹیو اسمتھ، میچل اسٹارک، میتھیو ویڈ اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔