ملبورن، 16 اگست (یواین آئی) آسٹریلیا کے سابق کپتان اور کوچ باب سمپسن ہفتہ کو 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ آسٹریلین کرکٹ کی بااثر شخصیت سمپسن نے اپنے ملک کیلئے 62 ٹسٹ کھیلے اور ٹیم کے پہلے ہمہ وقتی کوچ کی حیثیت سے ایلن بارڈر اور مارک ٹیلر کی کپتانی کی مدت کار کے دوران 1980 اور 1990کی دہائی کے آخر میں ٹیم کو ابھرنے میں مددکی۔ 1964 میں ایک سال میں انہوں نے 1381 رنز بنائے جو اُس وقت کا ریکارڈ تھا۔ اس میں مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف ان کا بہترین ٹسٹ اسکور 311 رن شامل ہے۔ سمپسن نے 1968 میں انڈیا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی۔ تاہم، 1977میں 41 سال کی عمر میں انھوں نے انڈیا کے خلاف ہوم سیریز اور ویسٹ انڈیز ٹور میں کپتانی کی۔ اس کے بعد دوبارہ ریٹائر ہوگئے۔