جوہانسبرگ ۔20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جیڈن سیلس کی جارحانہ بولنگ کے دم پر انڈر 19 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ویسٹ انڈیز نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو مات دی ، جس میں جیڈن کا اہم رول رہا۔ جیڈن نے 49 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے اور تہلکہ مچادیا مگر وہ وکٹ لینے سے زیادہ اپنے جشن منانے کی وجہ سے چھائے رہے۔ دراصل انہوں نے چار وکٹ لئے اور چاروں وکٹ کا جشن الگ ہی انداز میں منایا۔ کبھی ویسٹ انڈیز کے اسٹارکھلاڑی شیلڈن کاٹریل کی طرح سیلوٹ کرکے تو کبھی اپنی ہی ٹیم کے ساتھی سے جوتا صاف کروا کرکے جشن منایا۔ پہلے بیٹنگ کرنے کیلئے میدان پر اتری آسٹریلیائی ٹیم کو جیڈن اور میتھیو فارڈ نے کافی پریشان کیا اور ان کی اننگزکو179 رنوں پر ہی سمیٹ دیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے 18 گیندیں پہلے ہی سات وکٹ گنواکر میچ اپنے نام کرلیا۔ خطاب کی مضبوط دعویدار مانی جارہی آسٹریلیا کی ٹیم کو بھی ایسی اننگز کی امید نہیں تھی۔ صرف تین بیٹسمین ہی دوہرے ہندسہ کو پار کرسکے۔ آسٹریلیائی بیٹسمینس جیڈن اورمیتھیوزکی بولنگ کا سامنے نہیں کرسکے۔ صرف ایک کھلاڑی جیک فریز ہی آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 84 رنز بنا سکے۔ فریز کے علاوہ پیٹرک روو40 اورکپتان میکینزی ہاروے نے 20 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی 8 رنز سے زیادہ نہیں بنا سکا۔ جیڈن کے چار وکٹ کے علاوہ میتھیو نے 24 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات بھی کچھ اچھی نہیں رہی اور ٹیم نے 92 رنوں کے مجموعی اسکور پر اپنے پانچ اہم وکٹ گنوا دئے۔