آسٹریلیا کے دورۂ ہند سے قبل لفظی جنگ ،سہواگ کے اشتہارپر ہیڈن کی تنقید

   

سڈنی ۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے دورے پر ٹسٹ اور ونڈے سیریز میں تاریخی جیت حاصل کی تو وہیں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ٹیم پہلی ایسی ہندوستانی ٹیم ہے ، جو آسٹریلیا کے دورہ سے بغیر شکست کے لوٹی ہے اور اس نے کوئی سیریز نہیں گنوائی ہے۔ اب آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کے دورہ پر آنے والی ہے ، جہاں وہ دو ٹی20 اور پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی جبکہ اس سے سیریز سے پہلے ہندوستان کے سابق اوپنر ویریندر سہواگ کے ایک اشہتار پر آسٹریلیا کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے اعتراض کیا ہے۔ یہ پورا معاملہ بے بی سٹنگ کے اس مزاح سے جڑا ہوا ہے جو آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے ہندوستانی وکٹ کیپر ریشبھ پنت سے کیا تھا۔ اب براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس نے ایک اشہتار جاری کیا ہے جس میں سہواگ آسٹریلیا کی جرسی پہنے دو بچوں کو گود میں اٹھاتے ہوئے پوری آسٹریلیائی ٹیم کو بے بی سٹنگ کرنے کی بات کہہ رہے ہیں۔ ہیڈن اسی اشتہار پر چراغ پا ہوگئے ہیں اور انہوں نے سہواگ پر ٹویٹ کرکے تنقید کی ہے۔ انہوں نے لکھا محتاط رہو سہواگ بوائے ، کبھی آسٹریلیا آسان مت سمجھنا ، یاد رکھو ورلڈ کپ ٹرافی کی بے بی سٹنگ کون کررہا ہے۔