آسٹریلیا کے وزراء کا تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و کونسل کا معائنہ

   

صدرنشین سکھیندر ریڈی نے استقبال کیا، دونوں ممالک میں بہتر تعلقات پر بات چیت
حیدرآباد ۔5۔ اکتوبر (سیاست نیوز) آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کے ایک وفد نے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا دورہ کیا۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی ، ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے صدرنشین اے گاندھی ، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو نے آسٹریلیائی مہمانوں کا استقبال کیا۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے وزراء رچرڈ ریڈن اور برانڈ بٹن نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور باہمی اشتراک پر بات چیت کی ۔ صدرنشین کونسل اور ڈپٹی چیرمین نے آسٹریلیائی وفد کو اسمبلی اور کونسل کی عمارتوں کا معائنہ کرایا اور کارروائی کے بارے میں تفصیلات بیان کی ۔ آسٹریلیا کے وزراء نے قانون ساز کونسل کی عمارت کو سراہا اور کہا کہ تمام عصری سہولتوں کے ساتھ یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے ارکان کے لئے فراہم کی جارہی سہولت کو بھی سراہا۔ آسٹریلیائی وفد نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل کے دورہ سے انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ صدرنشین بی سکھیندر ریڈی نے اسمبلی اور کونسل کے قواعد کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ دونوں ایوانوں میں حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو عوامی مسائل پیش کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ آسٹریلیائی وفد ان دنوں ہندوستان کے دورہ پر ہے۔ 1